کتاب آیت

فلیمون

 1

 پولُسؔ کا سلام:

  1 مسیح یسُوعؔ کا ایک قیدی پولُسؔ اوربھائی تیمُتھیسؔ کی طرف سے اپنے پیارے بھائی اور ہم خدمت فلیمونؔ کے نام۔  2 اوربہن افیہؔ اور ہماری طرح مسیح کا سپاہی ارخپُسؔ اور فلیمون ؔ کے گھر کی کلیسیا کے نام، سلام!

  3 ہمارے خُدا باپ اور مسیح یسُوع ؔ کا فضل اور اطمینان تُمہارے ساتھ رہے۔

 فلیمونؔ کے ایمان اور محبت کے لیے شُکرگُزاری:

  4 میں ہمیشہ اپنی دُعاؤں میں تُجھے یاد کر کے تیرے لیے خُداکا شُکر ادا کرتا ہوں۔  5 کیونکہ میں جب سُنتا ہوںکہ تمہاری محبت جو مُقدسوں کے ساتھ ہے اور تُمہاراایمان جو یسُوعؔ مسیح پر ہے کیسا ہے۔  6 اور میں دُعا گو ہوں کہ تُوجس ایمان میں ہمارا شریک ہے اِس ایمان کی بدولت اُن ساری برکتوں کو پہچان جائے جو مسیح یسُوعؔ کے وسیلے ہم کو ملی ہیں۔  7 او ر جس طرح تو خُدا کے لوگوں کو محبت دکھاتا اور اُن کے ساتھ مہربانی سے پیش آتاہے، یہ میرے لیے بڑی خُوشی اور تسلی کا باعث ہے۔ کیونکہ اِس سے مُقدّسوں کے دلوں کو تازہ ہوئے ہیں۔

 اُونیسمُسؔ کے لیے سفارش:

  8 اگرچہ مُجھے مسیح میں یہ اختیار ہے کہ تُجھے وہ کام کرنے کا حُکم دُوں جو مناسب ہے۔  9 مگر میں پولُسؔ ایک بوڑھا آدمی جو یسوُع ؔ مسیح کا قیدی ہوں۔ محبت کی رُوح میں تُجھ سے درخواست کرتا ہوں۔  10 کہ میرے بیٹے اُونیسمُسؔ پرمہربانی کرجو قید کی حالت میں ایمان میں میرا بیٹا بنا۔  11 پہلے تو وہ تیرے کا م کا نہ تھا مگر اب وہ میرے اور تیرے دونوں کے کام کا ہے۔  12 میں اُسے تیرے پاس واپس بھیج رہا ہوں اور میرا دل بھی اُس کے ساتھ ہے۔  13 پہلے تو میں نے اُسے اپنے پاس رکھنا چاہا تاکہ میری قید میں جو خُوشخبری سُنانے کے باعث ہے، تیری جگہ میری خدمت کرے۔  14 مگر میں تیری اجازت کے بغیرکچھ نہیں کرنا چاہتا تاکہ تو جو کچھ کرے اپنی مرضی سے کرے نہ کہ میرے کہنے پر۔  15 ممکن ہے اُونیسمُسؔ تھوڑی دیر کے لیے اِس لیے تُجھ سے جُدا ہوا تاکہ پھر ہمیشہ تُمہارے پاس رہے۔  16 مگر اب صرف ایک غلام کی طرح نہیں بلکہ اِس سے بڑھ کر ایک عزیز بھائی کی طرح جو مُجھے بُہت عزیز ہے اور تیرامُجھ سے بھی زیادہ کیونکہ وہ خُداوند میں ہمارا بھائی ہے۔  17 اگر تو مُجھے اپنا ساتھی مانتا ہے تو اُسے اُسی خُوش دلی سے قبوُل کرنا جیسے تو مُجھے قبوُل کرتا ہے۔  18 اگر اُس نے کسی بھی طرح تیرا نقصان کیا ہو یا تیرا کچھ قرض دینا ہو وہ میرے نام لکھ لے۔  19 میں پولُسؔ اپنے ہاتھ سے لکھتا ہو ں کہ خُود ادا کروں گا۔ میں اُس قرض کا ذکر نہیں کروں گا جو میرا تُجھ پر ہے یعنی تیری اپنی جان۔  20 میرے بھائی! خُداوند میں مُجھ پریہ مہربانی کر اور مسیح میں میرے دل کو تازہ کر۔  21 مُجھے یہ یقین ہے کہ جو کچھ میں نے تُجھے لکھا ہے نہ صرف یہ بلکہ تُو اِس سے بھی بڑھ کر کرے گا۔  22 اِس کے علاوہ میرے لیے ایک کمرہ تیار رکھ کیونکہ اُمید ہے کہ میں تمہاری دُعاوں کے جواب میں جلد تُمہارے پاس واپس آؤں گا۔

  23 اپَفراسؔ جو مسیح یسوُع ؔمیں میرے ساتھ قید میں ہے تُجھے سلام کہتا ہے۔  24 اِسی طرح میرے ہم خدمت مرقسؔ، اَرسترخُسؔ، دیماسؔ اور لُوقا ؔبھی تُجھے سلام کہتے ہیں۔

  25 خُداوند یسُوعؔ مسیح کا فضل تیری رُوح پر ہوتا رہے۔ آمین!